ریجنٹ پلازہ میں آتشزدگی کا حتمی چالان عدالت میں پیش

کراچی: شارع فیصل پر واقع ریجنٹ پلازہ میں آتشزدگی سے متعلق حتمی چالان عدالت میں پیش کردیا گیا ہے۔

کراچی کی مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل پر واقع ریجنٹ پلازہ میں گزشتہ برس دسمبر میں لگنے والی آگ سے متعلق حتمی چالان تفتیشی افسر عامر الطاف نے ایڈیشنل اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں جمع کرایا۔

تفتیشی افسر نے چالان میں انکشاف کیا ہے کہ آگ بجھانے کے آلات سےمتعلق ہوٹل انتظامیہ نےغلط رپورٹ جمع کرائی جب کہ سول ڈیفنس ادارے سے بھی ہوٹل میں فائرسیفٹی کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا اور سول ڈیفنس ادارے نے فراہم کردہ دستاویزات کی تصدیق بھی نہیں کی۔

چالان میں بتایا گیا ہے کہ ریجنٹ پلازہ میں 1994 میں لگایا گیا فائر سیفٹی سسٹم ناکارہ ہوچکا ہے اور آتشزدگی کے وقت ہوٹل کے کنٹرول روم میں فائر سیفٹی سے لاعلم سی سی ٹی وی آپریٹر ہی موجود تھا۔