لاہورمال روڈ خود کش حملے کا سہولت کار گرفتار

لاہور: مال روڈ پر کیے جانے والے خود کش حملے کے سہولت کارکو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کے دوران گزشتہ دنوں مال روڈ پر ادویہ ساز کمپنیوں کے احتجاج کے دوران پولیس کے قریب کیے جانے والے خود کش حملے کے سہولت کار کو گرفتار کرلیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے سہولت کار کو سی ٹی ڈی نے حساس اداروں کی معاونت سے کارروائی کے دوران گرفتارکیا جب کہ سہولت کار کے قریبی عزیزوں کو بھی گزشتہ روز گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سہولت کار کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے جب کہ اس سے مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

دوسری جانب مال روڈ اور گرد و نواح میں نصب سی سی ٹی کیمروں کی فوٹیج سے معلوم ہوا ہے کہ خودکش حملہ آور اور اس کا سہولت کارموٹرسائیکل پر سوار ہوکر ٹیمپل روڈ سے آئے تھے، یہ موٹرسائیکل چوری کی گئی تھی جس کی اس کے مالک نے متعلقہ تھانے میں رپورٹ بھی درج کرائی تھی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل مال روڈ پر خودکش حملے میں ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) احمد مبین اور ایس ایس پی زاہد گوندل سمیت 13 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔