راولپنڈی اسلام آباد میں حساس تنصیبات کاکنٹرول پاک فوج نےسنبھال لیا

اسلام آباد: گزشتہ چند روز کے دوران دہشتگردی کے حالیہ واقعات اور جمعۃ المبارک کے باعث ملک بھرمیں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں جب کہ جڑواں شہروں میں حساس عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا گیا ہے۔

دہشت گردی کی حالیہ وارداتوں کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مزید واقعات کا خدشہ ظاہرکیا ہے جس کے تحت ملک بھرمیں سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔

راولپنڈی اوراسلام آباد میں پاک فوج نے بے نظیر انٹر نیشنل ایئر پورٹ اور اڈیالہ جیل سمیت متعدد اہم حساس عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، اس کے علاوہ شہرکے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں ، مساجد، عوامی مقامات اور بازاروں میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے گشت بڑھا دیا ہے۔ اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لئے انٹیلی جنس نظام مزید متحرک کردیا گیا ہے، اسپیشل برانچ اورسی آئی ڈی اہلکاروں کوشہر میں پھیل جانے کا حکم دے دیا گیا ، اس کے علاوہ پولیس تھانوں کے ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں کے گیسٹ ہاؤسز، مدارس اور مذہبی مقامات کی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے انٹیلی جنس اہلکاروں کی اطلاع پر فوری کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔