افغان سفارت کارجی ایچ کیو طلب؛ 76 دہشتگردوں کی حوالگی کا مطالبہ

راولپنڈی: پاک فوج نے پاکستان میں افغان سفارت کاروں کو طلب کرکے وہاں موجود 76 دہشتگردوں کی حوالگی یا ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان پاک فوج میجرجنرل آصف غفورکی ٹوئٹ کے مطابق افغان سفارتی اہلکاروں کو جنرل ہیڈ کوارٹرزراولپنڈی طلب کیا گیا، جہاں انہیں افغانستان میں پناہ لینے والے 76 دہشتگردوں کی فہرست فراہم کی گئی، پاک فوج نے افغان حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کریں اورانہیں پاکستان کے حوالے کیا جائے۔

اس سے قبل بھی ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفورکا کہنا تھا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہورہی ہے لیکن ہم ملک کا تحفظ کرتے ہوئے ان حملوں کا بھرپور جواب دیں گے۔