کراچی :گلشن اقبال میں جھگیوں میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا

کراچی : کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں بیت المکرم مسجد کے قریب جھگیوں میں لگنے والی آگ پر فائر بریگیڈ نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا ، پچاس سے زائد جھگیاں جلنے سے ان کے مکینوں کا لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور نقدی خاکستر ہوگئے ۔ گلشن اقبال کے بلاک 13 میں مسجد بیت المکرم کے قریب ایک خالی پلاٹ پر جھگیوں میں اس وقت اچانک آگ بھڑک اٹھی جب کھانا پکانے کے دوران ایک جھگی میں آگ لگی ۔ خشک موسم کے بے باعث آگ نے تیزی سے دیگر جھگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ فائر بریگیڈ کی چار گاڑیاں اطلاع ملنے پر وہاں پہنچ گئیں اور تقریباً ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔ اس دوران پچاس سے زائد جھگیاں اور ان میں موجود مکینوں کا لاکھوں روپے مالیت کا سامان اور کرنسی نوٹ خاکستر ہوگئے ۔ ایک خاتون نے دعویٰ کیا کہ اس کی بیٹی کا جہیز آگ کی نذر ہوگیا جبکہ ایک اور متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ اس کے پچاس ہزار روپے مالیت کے کرنسی نوٹ جل گئے۔