بلوم برگ نے پاکستان کی معاشی صورتحال کو انتہائی مثبت قرار دیدیا

نیو یارک سٹی: مالیاتی امور سے متعلق امریکی جریدے بلوم برگ نے پاکستانی کی معاشی صورتحال کو انتہائی مثبت قرار دیدیا۔

بین الاقوامی جریدے بلوم برگ کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال سے پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں 46 فیصد اضافہ ہوا ہے اور غربت کی شرح میں بھی نصف کمی ہوئی جب کہ پاکستان نے زر مبادلہ کے بحران سے احسن طریقے سے نمٹا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کا پروگرام کامیابی سے مکمل کیا اور 15 سال میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پاکستان نے ناصرف آئی ایم ایف کے ساتھ بلکہ ایشیائی ترقیاتی بینک اور ورلڈ بینک کے ساتھ بھی جاری پروگرامز کو بھی کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔

بلوم برگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 3 سالوں میں دہشت گردی سے ہونے والی اموات میں ایک تہائی کمی دیکھنے میں آئی ہے جب کہ پاکستان میں ترقی کی شرح 4 فی صد رہی جو اب 5 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔