موبائل فون کی خرید:سی پی ایل سی سے تصدیق لازمی قرار

کراچی: پولیس نے اسٹریٹ کرائمز کو کنٹرول کرنے کے لیے سی پی ایل سی اور الیکٹرانکس ڈیلرز کے ساتھ مل کر ضابطہ اخلاق تیار کرلیا جس میں دکاندار استعمال شدہ موبائل خریدنے سے پہلے سی پی ایل سی سے تصدیق کریں گے۔

کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی سب سے آسان واردات موبائل فون چھیننا ہے جو باآسانی موبائل مارکیٹ میں فروخت کردیا جاتا ہے لیکن اب شہر میں اسٹریٹ کرائم کی وبا کو قابو کرنے کے لیے پولیس نے سی پی ایل سی اور الیکٹرانکس ڈیلرزسے مل کر ایک ضابطہ اخلاق تیار کیا ہے جس کے تحت اب استعمال شدہ فون لینے سے پہلے ڈیلرزسی پی ایل سی سے موبائل کی تصدیق کے پابند ہوں گے۔

اس حوالے سے سی پی ایل سی نے استعمال شدہ موبائل فونزکی خریدو فروخت کے لیے فارم تیار کرلیا ہے جس کے ذریعے کوئی بھی دکانداراستعمال شدہ موبائل فون خریدنے سے پہلے اسے فروخت کرنے والے شخص کا شناختی کارڈ اورفون نمبر حاصل کرے گا اورسی پی ایل سی سے تصدیق کے بعد ہی وہ موبائل فون اس سے خریدے گا جب کہ اس ضابطہ اخلاق پرعمل نہ کرنے کی صورت میں دکاندار کو گرفتار کرلیا جائے گا۔