بھارت کی این ایس جی میں شمولیت الوداعی تحفہ نہیں ہوسکتا، چین

بیجنگ: چین نے بھارت کی نیوکلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت کے حوالےسے امریکا کو پیغام دیا ہے کہ کہ این ایس جی کی ممبرشپ کوئی الوداعی تحفہ نہیں جو ممالک ایک دوسرے کو دیتے رہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے بھارت کو نیوکلیئر سپلائر گروپ کی ممبرشپ میں چین کی جانب سے مخالفت کرنے پر چین کو الگ تھلک ملک قرار دیا تھا جس پر چین نے رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے امریکا کو پیغام دیا کہ نیوکلیئر سپلائر گروپ کی ممبرشپ کوئی الوداعی تحفہ نہیں جو ممالک ایک دوسرے کو دیتے رہیں۔

چین کے وزارت خارجہ کے ترجمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیو کلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت اور عدم ایٹمی پھیلاؤ ( این پی ٹی) معاہدے پر دستخط کے حوالے سے ہم اپنا موقف پہلے ہی واضح کرچکے ہیں لہذا اب اسے دوبارہ نہیں دہرائیں گے جب کہ گروپ میں شمولیت کوئی الوداعی تحفہ نہیں جو امریکا بھارت کو دے۔

اس سے قبل بھارت کی نیوکلیئرسپلائر گروپ میں شمولیت پر امریکا کے نائب وزیرخارجہ نے گزشتہ روز ایک بیان میں چین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاملے میں صرف ایک ملک انوکھا ہے جس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔