رحمٰن بھولا کی گرفتاری:’ہمیں کریڈٹ ملنا چاہیے’چوہدری نثار

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم رحمٰن بھولا کو بنکاک سے گرفتار کرکے وطن واپس لانے پر وزارت داخلہ اور حکومت کو کریڈٹ دیا جانا چاہیے۔

اسلام آباد میں ریپڈ رسپانس فورس اور پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب میں چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ ‘ہم اس سفاک قاتل کو بنکاک سے اٹھا کر لائے، ہمیں اس کا کریڈٹ ملنا چاہیے’۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ وہ باضابطہ طور پر تھائی لینڈ کے وزیر داخلہ کو خط لکھ کرکے تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کریں گے۔

یاد رہے کہ ستمبر 2012 میں کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں فیکٹری میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔