سانحہ حویلیاں: پمز میں 16 افراد کی نماز جنازہ، 14 میتیں ورثاء کے حوالے

اسلام آباد: طیارہ حادثہ میں جاں بحق 16 افراد کی نماز جنازہ اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں ادا کر دی گئی۔ 14 میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔

نماز جنازہ میں وفاقی وزیر طارق فضل چودھری، ضلعی اور پمز ہسپتال انتظامیہ اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق، اب تک شناخت ہونے والی لاشوں کی تعداد 30 ہو چکی ہے۔

دوسری جانب، پی آئی اے طیارہ حادثہ تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ دس رکنی سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ نے حادثے کے وقت شفٹ پر موجود ایئر ٹریفک کنٹرول عملے کے بیانات ریکارڈ کئے۔ بورڈ نے فٹ ٹو فلائی سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے انجینئر کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا۔

تحقیقات کے پہلے مرحلے میں جہاز کے ملبے کا جائزہ لینے کے ساتھ طیارے کے روٹ کا تعین کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، آئندہ مرحلے میں سول ایوی ایشن حکام کے بیانات قلمبند کئے جائیں گے۔