خاتون نے دروازہ کھول کر طیارے سے چھلانگ لگا دی

ہیوسٹن: امریکی شہر ہیوسٹن کے بش انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارے کی ٹیکسنگ کے دوران ایک خاتون نے اچانک دروازہ کھول کر باہر چھلانگ لگا دی۔ اس خاتون کے پاس موجود ایک دوسرے مسافر نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ اچانک ہوا۔ خاتون نے یہ حرکت کرنے سے پہلے کسی کو کچھ نہیں بتایا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ خاتون پرواز نمبر 1892 کی مسافر تھی جو نیو اورلنز سے ہیوسٹن آیا تھا۔ طیارہ ابھی رن وے پر ٹیکسنگ کر رہا تھا کہ خاتون اچانک اپنی سیٹ سے اٹھی اور باہر چھلانگ لگا دی۔ تاہم 15 فٹ کی بلندی سے گرنے کے باوجود خاتون کو بظاہر کسی قسم کی چوٹ نہیں آئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایئرپورٹ سیکیورٹی عملے کی دوڑیں لگ گئیں۔ پولیس نے خاتون کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔