پاکستان کا اشک آباد اور لیپز راہداری منصوبے میں شمولیت کا اعلان

اشک آباد: اقوام متحدہ کے زیر انتظام ترکمانستان میں ہونے والی ‘‘عالمی پائیدار ٹرانسپورٹ کانفرنس ’’ کے دوران پاکستان نے اشک آباد اور لیپز لازولی راہداری منصوبے میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔

ان منصوبوں کے تحت پاکستان کو یورپ سمیت مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیائی ممالک تک رسائی حاصل ہوجائے گی۔

کانفرنس کے دوران منصوبوں میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ اشک آباد معاہد ے سے پاکستان کو اومان، ایران، ازبکستان اور ترکمانستان تک رسائی حاصل ہوگی، جب کہ لیپز لازولی معاہدے سے پاکستان کو بذریعہ روڈ ترکی اور یورپ تک رسائی حاصل ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اشک آباد اور لیپز لازولی معاہدوں میں شامل ہونے کے دیگر معاملات کو مکمل کرنے کے لیے انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو رکن ممالک سے بات چیت کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ترقی پاکستان کی ترجیح ہے، اپنی ترجیحات کو نظر میں رکھتے ہوئے پاکستان،واہگہ بارڈر، طورخم اور چمن سرحد پر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کررہا ہے۔

وزیر اعظم نے اشک آباد راہداری میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے ہی خطے میں امن ، سلامتی اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، پرامن ہمسائیگی پاکستان کی پالیسی کا اہم جزو ہے۔