ترک صدر لاہور پہنچ گئے، وزیراعلیٰ پنجاب نےاستقبال کیا

لاہور: ترک صدر رجب طیب اردوان لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں وہ گریٹر اقبال پارک کا افتتاح کریں گے اور وزیر اعظم کی جانب سے شاہی قلعہ میں دیئے جانے والے عشائیے میں شرکت کریں گے۔ لاہور آمد پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف بھی اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے ہیں۔ وہ شاہی قلعے میں ترک صدر کا استقبال کریں گے۔ ترک صدر کے استقبال کے لئے سپیشل بینڈ بھی موجود ہے۔ لاہور کو اپنے مہمان ترک صدر رجب طیب اردوان کے استقبال کیلئے بطور خاص رنگوں اور روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ مال روڈ پر ترک صدر، وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ کی تصاویر والے خیر مقدمی بینرز اور رہنماؤں کی بڑی بڑی تصویریں آویزاں کی گئی ہیں۔

رنگ برنگی روشنیوں کے باعث پوری مال روڈ بقعہ نور بنی ہوئی ہے۔ اس موقع پر لاہور میں سکیورٹی کے بھی نہایت سخت اقدامات کئے گئے ہیں اور ترک صدر کی گزرگاہ کے دونوں جانب پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ ترک صدر اپنی اہلیہ کے ہمراہ اسلام آباد سے لاہور پہنچے ہیں۔

ترک صدر رجب طیب اردوان کو دورہ لاہور پر شاہی قلعہ میں پرتکلف عشائیہ دیا جائے گا۔ مینیو دنیا نیوز نے حاصل کر لیا۔ معزز مہمان کی تواضع پنجابی کھانوں اور دو قسم کے سوپ سے کی جائے گی۔

ترک صدر کو انار اور موسمی کا جوس پیش کیا جائے گا۔ جھینگا اور ڈبل روٹی کا سٹارٹر دیا جائے گا۔ خصوصی مہمان کی مٹن سیخ کباب، ڈولما، مٹن چانپ، مغلئی قورمہ اور مٹن ہریسہ سے تواضع ہو گی۔ نور جہان لاہوری فرائیڈ فش، کھیر اور مختلف قسم کے نان بھی مینیو میں شامل ہونگے۔