پاکستان کا ریلوے نظام پرانا ضرور ہے لیکن غیرمحفوظ نہیں ،وزیرریلوے

کراچی:وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کسی کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے پاکستان کا ریلوے نظام پرانا ضرور ہے لیکن غیر محفوظ نہیں ہے، حادثے میں ملوث افسران کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں گے،کراچی میں گزشتہ روز ہونے والے ٹریفک حادثے کی جگہ کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ حادثہ انتہائی المناک تھا اور اس میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر بہت افسوس ہے، ملتان میں ہونے والے ٹرین حادثے میں ملوث افراد کو معطل کردیا گیا ہے جب کہ کراچی میں ہونے والے حادثے کے ذمہ داروں کو بھی سخت سزا دی جائے گی، اگر حادثے کے ذمہ داروں کو سزا نہ دی تو لوگ آئندہ بھی غلطیاں دہراتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سگنلز برابر کام کر رہے تھے، ڈرائیور نے لال سگنل کو نظر انداز کیا، حادثے کے وقت ٹرین کی رفتار 60 میل فی گھنٹہ یا اس سے کچھ زیادہ تھی جو 30 میل فی گھنٹہ ہونی چاہیئے تھی، حادثہ بظاہر انسانی غلطی معلوم ہوتا ہے ،لیکن واقعہ کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے، 8 روز میں مکمل تحقیقاتی رپورٹ سامنے آ جائے گی جس کے بعد سب کچھ واضح ہو جائے گا۔