میری یا مریم کی کوئی آف شور کمپنی نہیں،کیپٹن (ر) صفدر

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے کہ میں اور میری اہلیہ باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں اور ہماری کوئی بھی آف شور کمپنی نہیں۔

وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے پاناما لیکس کے حوالے سے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا ہے۔ کیپٹن (ر) صفدر نے اپنے تحریری بیان میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ میری اہلیہ مریم نواز کی کوئی آف شور کمپنی نہیں، میں اور میری اہلیہ باقاعدگی سے ٹیکس بھی ادا کرتے ہیں جبکہ ہماری جانب سے جمع کرائے گئے گوشواروں میں تمام اثاثے اور ٹیکس ریٹرن ظاہر کئے گئے ہیں، عمران خان نے جن اثاثوں کا الزام لگایا ہے میری اہلیہ کبھی ان کی مالک تھی ہی نہیں۔

زیر اعظم کے داماد نے اپنے جواب میں مزید کہا ہے کہ عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی میرے خلاف کوئی ریفرنس نہیں بھیجا اور میری نااہلی کے لئے متعلقہ فورم کے بجائے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا جو آرٹیکل 225 کی خلاف ورزی ہے جبکہ آرٹیکل 62 اور 63 کا اطلاق بھی انتخابات سے پہلے ہوتا ہے میری اہلیت پر لگائے تمام الزامات بے بنیاد، جھوٹے اورغلط ہیں لہذٰا عمران خان کی درخواستوں کو بے بنیاد قراردے کر درخواست کو خارج کیا جائے۔