رائیونڈ کے تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ شروع ہوگیا

لاہور : رائیونڈ کے تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ شروع ہوگیا جو مسلسل تین روز جاری رہنے کے بعد اتوار کی صبح نماز فجر کے بعد خصوصی دعا کے ساتھ ختم ہوجائے گا۔ رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے میں لاہور، پشاور اور کوئٹہ سے لاکھوں فرزندان اسلام شرکت کررہے ہیں جبکہ اس اجتماع کے شرکاء سے مختلف علماء کرام کے دیمنی خطاب کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ تبلیغی اجتماع کے اختتام پر امیر تبلیغ عبدالوہاب شرکاء سے خصوصی خطاب کریں گے ۔ دوسری طرف جہاں ضلعی حکومت نے رائیونڈ تبلیغی اجتجماع کے شرکاء کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے مختلف موثر اقدامات کیے ہیں وہاں لاہور ٹریفک پولیس مختلف شہروں سے اجتماع میں شرکت کے لئے آنے والی بسوں کی روانگی کو برقرار رکھنے کے میں بھی ناکام رہی ہے۔ اس ضمن میں جمعرات کی صبح ہی سے مانگا منڈی کے قریب ٹریفک جام رہی اور اجتماع میں آنے والی بسوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ جس سے تبلیغی اجتماع کے شرکاء کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ اس مرتبہ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے مقام پر کھانے پینے کے سٹالز لگانے پر پابندی عائد کررکھی ہے۔