کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے میں شہید اہلکاروں کی تعداد 61 ہوگئی

کوئٹہ: پولیس ٹریننگ سینٹر میں دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں شہید اہلکاروں کی تعداد 61 ہوگئی ہے جب کہ بلوچستان حکومت نے سانحے پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے۔

کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشتگردوں کے حملے میں جاں بحق اہلکاروں کی تعداد 61 ہوگئی ہے جب کہ 100 سے زائد اہلکار زخمی ہیں، زخمیوں میں ایف سی اور پاک فوج کے بھی اہلکار شامل ہیں، تمام زخمیوں کو سول اسپتال اور بی ایم سی میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ شہر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے اور طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

سیکرٹری صحت بلوچستان نورالحق بلوچ کا کہنا ہے کہ سول اسپتال میں 85 جب کہ بی ایم سی اسپتال میں 31زخمیوں کو لایا گیا، زخمیوں سے متعلق صورتحال کنٹرول میں ہے، تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

واقعے پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف خصوصی طور پر کوئٹہ پہنچے جنہوں نے پولیس ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا اور پھر شہید اہلکاروں کی اجتماعی نماز جنازہ میں شرکت کی، اس موقع پر ان کے ہمراہ کمانڈر سدرن کمانڈ، آئی جی ایف سی، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار ثنا اللہ زہری، وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام بھی موجود تھے