نواز شریف اور عمران خان دونوں کو سیاست نہیں آتی، خورشید شاہ

اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان اور وزیر اعظم نواز شریف دونوں کو سیاست کرنا نہیں آتی تاہم ہم مکمل طور پر پارلیمانی سیاست کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان اور وزیر اعظم نواز شریف دونوں کو سیاست کرنا نہیں آتی تاہم ہم مکمل طور پر پارلیمانی سیاست کر رہے ہیں جب کہ دھرنا دینا سیاسی حق ہے لیکن شہر کو بند کرنا آئین کے منافی ہے لہذا وفاقی دارالحکومت کو بند کرنے کی اجازت قانون نہیں دیتا۔

حکومت کو دھرنے کے دوران مشترکہ اجلاس بلانے کے مشورے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم کا مشیر نہیں لہذا عمران خان کے دھرنے کے دوران پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی تجویز نہیں دوں گا۔