بلاول بھٹو نے نثار کھوڑو کو پیپلز پارٹی سندھ کا نیا صدر بنا دیا

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ کے منصب کے بعد قائم علی شاہ کی دس سالہ سندھ کی پارٹی صدارت کا دور بھی ختم ہو گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نثار کھوڑو کو پیپلز پارٹی سندھ کا نیا صدر بنا دیا۔ اسی سلسلے میں بلاول بھٹو زرداری سے نامزد تین امیدواروں قائم علی شاہ، نثار کھوڑو اور مولا بخش چانڈیو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں فرالب تالپور بھی موجود تھیں۔ بعد میں مولا بخش چانڈیو نے نثار کھوڑو کو صدر بنانے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ الیکشن قریب ہیں، نثار کھوڑو کے پاس وقت کم ہے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے نومنتخب صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ قیادت نےاعتماد کیا، پیپلز پارٹی کو مضبوط کرینگے۔ کراچی میں پیپلز پارٹی مزید نشستیں حاصل کریگی۔

نثار کھوڑو نے 23 اکتوبر کو سندھ میں محترمہ نصرت بھٹو کی برسی منانے کا اعلان بھی کیا۔