عمران کو بغض کی بیماری ہے:سعید غنی

اسلام آباد: عمران خان کے آصف زرداری کے متعلق سخت الفاظ پر پیپلز پارٹی کی قیادت ناراض ہو گئی۔ سینیٹر سعید غنی کہتے ہیں عمران خان کو بغض اور تعصب کی بیماری لاحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30 اکتوبر کو اتوار ہے، کیا عمران خان شہریوں کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں؟

سعید غنی کا یہ بھی کہنا تھا کہ آصف علی زرداری صرف اور صرف جمہوریت کا دفاع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے عمران خان سے جان چهڑائیں اور کسی عقل مند کو آگے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کرکٹ میں بال ٹمپرنگ کرتے رہے، سیاست میں کرنے سے گریز کریں۔

سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے سیاسی بھگوڑوں کو ساتھی بنا کر سیاست مہنگی کر دی ہے، آصف زرداری آج بھی جمہوریت دشمنوں کی آنکهوں میں کانٹے کی طرح چبھ رہے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک اور سینئر رہنماء، قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ عمران کا مشترکہ سیشن میں نہ جانا غلط فیصلہ تھا تاہم عمران خان کو فرسٹریشن کیوجہ سے گالیاں نہیں دینی چاہیں۔ قمر زمان کائرہ نے یہ بھی کہا کہ مائنس ون فارمولے کو نہ کل مانتے تھے اور نہ ہی آج مانتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کو خان صاحب کے ناروا وطیرہ اور طریقہ کار سے جان چھڑانی چاہئے۔ قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ آج شیخ رشید کے بغیر عمران کا ایک پل نہیں گزرتا حالانکہ پہلے شیخ رشید کیخلاف عمران نے کیا کچھ نہیں کہا تھا۔