بھارتی فوج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیارہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ملکی سالمیت اورخود مختاری کو نقصان پہنچانے کے شیطانی منصوبوں کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

وزیراعظم نوازشریف نے لائن آف کنٹرول پربلاجوازبھارتی فوج کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے شہید فوجی جوانوں کو شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین فوج ہے، ہمیں اپنی افواج اور اس کی صلاحیتوں پر فخر ہے، ہماری مسلح افواج سرحدوں کی حفاظت کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، بھارتی افواج کا مقابلہ کرنے اوروطن کے دفاع کے لیے تیارہیں، قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان ہر طرح کے حالات کے لیے تیار ہے، کسی بھی بیرونی طاقت میں ملک کی سلامتی کو چیلنج کرنے کی صلاحیت نہیں، ملکی سالمیت اورخود مختاری کونقصان پہنچانے کے شیطانی منصوبوں کا منہ توڑجواب دیں گے۔