لندن والوں سے تعلق نہیں،فاروق ستار

کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہےکہ لندن سے آنے والے بیانات سے اب ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا ہم عزم و حوصلے سے کام جاری رکھیں گے اور تمام شعبہ جات ہماری ہی بات مانیں گے۔

ایم کیوایم لندن کے کنوینر ندیم نصرت کی جانب سے تمام شعبہ جات تحلیل کیے جانے کے اعلان کے بعد ایم کیوایم پاکستان کا اجلاس ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں ہوا جس کے بعد اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان مخالف کسی بیان کی حمایت نہیں کریں گے، 22 اگست کے بعد لندن سے مکمل لاتعلقی کرچکے ہیں، ہم 23 اگست کی بات پر ڈٹے ہوئے ہیں اور 23 اگست کی پالیسی کے تحت ہی چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لندن کے 4 ارکان رابطہ کمیٹی کو خارج کردیا گیا ہے، اب لندن سے جاری کسی بیان سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہوگا، ہماری اپنی پالیسی ہے جس کے تحت عزم و حوصلے سے کام جاری رکھیں گے جب کہ تمام شعبہ جات ہماری ہی بات مانیں گے۔