زونگ نے پی ٹی سی ایل اور یو فون کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کردی

اسلام آباد:چینی موبائل کمپنی زونگ نے پی ٹی سی ایل اور یو فون کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کردی ہے۔نجی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی اتصالات کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ چینی موبائل کمپنی زونگ نے پی ٹی سی ایل اور یو فون کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کردی ہے،زونگ اور اتصالات کے اس حوالے سے تین اجلاس ہوئے ہیں،آخری اجلاس میں چینی کمپنی نے پی ٹی سی ایل اور یو فون کی خریداری کیلئے رضامندی کا اظہار کیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے پہلی میٹنگ دبئی،دوسری چین اور تیسری میٹنگ یورپ کے ایک ملک میں ہوئی ہے۔تیسری اور آخری میٹنگ میں چینی کمپنی نے پی ٹی سی ایل اور یو فون کی خریداری کیلئے رضامندی کا اظہار کیا ہے،اس اجلاس میں دونوں کمپنیوں کی ایک مشترکہ کمیٹی بنائی گئی ہے جو پی ٹی سی ایل اور یوفون کے اثاثوں کی قیمت کا تعین کرے گی۔