وزیراعظم اور آرمی چیف بتائیں کہ آخر چاہتے کیا ہیں، فاروق ستار

کراچی: خواجہ اظہار الحسن کے گھر پر چھاپہ اور ان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ یہ سارا عمل ایم کیو ایم اور مہاجر دشمنی ہے وزیراعظم اور آرمی چیف بتائیں کہ وہ آخر چاہتے کیا ہیں۔

خواجہ اظہار الحسن کی گرفتاری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے کہا کہ 12 مئی کے ملزمان خواجہ اظہار الحسن کے گھر پر چھاپے کے وقت گھر میں ایک بھی مرد موجود نہیں تھا، پولیس نے خواتین اہلکاروں کے بغیر گھر میں چھاپہ مار کر چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے چھاپوں سے واضح ہوتا ہے کہ معاملہ ایم کیو ایم کو لندن سے چلانے کا نہیں بلکہ ایم کیو ایم اور مہاجر دشمنی ہے، خواجہ اظہار الحسن کے گھر پر چھاپے سے زیادہ پارلیمانی توقیری ہو ہی نہیں سکتی۔