پاکستان اسٹاک مارکیٹ سابقہ ریکارڈتوڑنے کے بعدمندی کاشکار

کراچی:عید الاضحی کی تعطیلات کے بعد کاروباری ہفتے کے چوتھے روزپاکستان اسٹاک مارکیٹ نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 40355پوائنٹس کی سطح کو چھوکر بلندیوں کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑنے کے بعد مندی کا شکار ہو گئی ،کے ایس ای100انڈیکس40300پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے نیچے گر کر40200پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 21ارب سے زائد روپے ڈوب گئے۔ پاکستان ا سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز پر تیزی کا رجحان دیکھا گیا جس کے باعث انڈیکس40355پوائنٹس کی تاریخی سطح پر جا پہنچا تاہم منافع کوری کی خاطر حصص کی فروخت کا دباؤ بڑھنے سے مارکیٹ40135پوائنٹس کی کم ترین سطح تک گر گئی بعد ازاں بینکنگ ،ایئر لائن ،ٹیلی کام اور اسٹیل سیکٹر میں خریداری کے باعث انڈیکس 40200پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر دوبارہ بحال ہو گیا مگر 40300پوائنٹس کی سطح پر واپس نہ جا سکا اس طرح جمعرات کو کاروباری سیشن کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس میں113.95پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔