اسمارٹ اسکوٹر کے ذریعے کعبہ کا طواف جائز ہے، سعودی عالم دین

الریاض: سعودی عالم دین کا کہنا ہےکہ طوافِ کعبہ کے لیے اسمارٹ اسکوٹر یعنی ’’ہوور بورڈ‘‘ کا استعمال شرعی طور پر جائز ہے اور پیدل چلنے کی قدرت رکھنے والے افراد بھی اسمارٹ اسکوٹر کے ذریعے کعبۃ اللہ کا طواف کرسکتے ہیں۔

عرب خبر رساں ویب سائٹ العربیہ کے مطابق یہ فتویٰ سعودی عالم ڈاکٹر علی الحکمی نے جاری کیا ہے جو سعودی عرب میں سپریم علماء کونسل کے سینیر رکن ہیں۔ فتوے میں ڈاکٹر علی الحکمی کا کہنا ہے کہ وہ لوگ جو پیدل چلنے کی سکت نہیں رکھتے وہ الیکٹرک وہیل چیئر اور اسمارٹ اسکوٹر (ہوور بورڈ) استعمال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ وہ لوگ جو چلنے پھرنے کے قابل ہیں انہیں بھی طوافِ کعبہ کے لیے اسمارٹ اسکوٹر استعمال کرنے کی شرعی طور پر کوئی ممانعت نہیں۔

ڈاکٹر الحکمی کا کہنا ہے کہ حج یا عمرہ کرنے والے عازمین اگر چلنے پھرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں تو افضل یہی ہے کہ وہ اپنے پاؤں پر چل کر طوافِ کعبہ کریں لیکن چلنے پھرنے کی قدرت رکھتے ہوئے بھی وہ کعبۃ اللہ کا طواف کرنے کے لیے اسمارٹ موٹر استعمال کرلیں تو شریعت اس کی بھی اجازت دیتی ہے البتہ وہ سعودی حکومت سے منظور شدہ موٹر (اسمارٹ اسکوٹر) ہونی چاہیے تاکہ طواف کرنے والے دوسرے زائرین کو پریشانی نہ ہو۔