پیسہ ملک سے باہر نہیں گیا، ملک میں آرہا ہے: نواز شریف

کراچی : وزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منعقعدہ ایوارڈز تقریب سے خطاب میں کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کی کارکردگی معیشت کا آئینہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں جب حکومت سنبھالی تو دہشتگردی اور معاشی بحران کا سامنا تھا مگر اب حالات بدل چکے ہیں ، پاکستان اسٹاک ایکسچنج کا انڈیکس 19 ہزار سے 40 ہزار کی حد عبور کرچکا ہے اب دنیا مانتی ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی 10 بہترین اسٹاک مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ توانائی بحران پر قابو کے لئے بھرپور کوششیں کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ اب ملک کے چپے چپے میں بجلی کے کارخانے نظر آرہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا صنعتوں کو 100 فیصد بجلی دی جا رہی ہے ۔ سال 2018 تک پورے پاکستان میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا ۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا ریلوے اور پی آئی اے اب بہتر کام کر رہے ہیں ۔ ریلوے کی اپ گریڈیشن کی ضرورت ہے تا کہ گڈز ٹرانسپورٹ بہتر ہو ۔ مستقبل میں گوادر کو ریل ٹریک کے ذریعے پورے ملک سے جوڑ دیا جائے گا ۔ پی آئی اے میں اگلے 10 دن کی بکنگ ہوتی ہے اس کا مطلب ہے کہ پاکستان ترقی کررہا ہے .