کراچی میں آئل ٹینکر کا ٹائرپھٹنےسےمتعدد گاڑیاں ٹکرا گئیں

کراچی: سپر ہائی وے پر ڈی ایچ اے سٹی کے قریب آئل ٹینکر کا ٹائر پھٹنے سے متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جب کہ حادثے کے باعث گاڑیوں میں آتشزدگی سے 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔

سپر ہائی وے پر ڈی ایچ اے سٹی کے قریب آئل ٹینکر کا ٹائر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں پیچھے سے آنے والی متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، آئل ٹینکر میں پٹرول ہونے کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس نے دیگر گاڑیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی کی زد میں آنے والی گاڑیوں میں گاڑیوں سے لدا ہوا ایک ٹرالر بھی شامل ہے۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے باعث لگنے والی آگ سے متاثرہ ایک گاڑی سے 2 افراد کی جھلسی ہوئی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ 4 افراد کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔