عمران خان کا 24 ستمبر کو رائیونڈ کی جانب مارچ کا اعلان

کراچی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 24 ستمبر کو رائیونڈ کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کا مقابلہ کرنا ہم سب کا فرض ہے،جمہوریت میں لیڈر چوری نہیں کرسکتا، برازیل میں معمولی کرپشن کرنے پر صدر کا مواخذہ کردیا گیا لیکن یہاں تو وزیراعظم ہر روز جھوٹ بولتے ہیں، پیسے اور ٹیکس بھی چوری کرتے ہیں اور منی لانڈرنگ بھی کرتے ہیں، اس غلط فہمی میں کوئی نہ رہے کہ ہم چپ کر کے شریف خاندان کی غلامی کریں گے ، 24 ستمبر کو سارے پاکستان کو جمع کر کے رائیونڈ میں جمع کریں گے اور وزیراعظم سے پاناما لیکس پر جواب مانگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے اپنی کرپشن کے لئے اداروں کو تباہ کیا، کرپشن تب ختم ہوگی جب ادارے مضبوط اور آزاد ہوں گے اور جب تک نواز شریف وزیراعظم رہیں گے ادارے ٹھیک نہیں ہو سکتے، جب کہ وزیراعظم کا نام پاناما میں آیا میرا نہیں۔