مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کی فائرنگ سے مزید ایک کشمیری شہید

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ مسلسل 60ویں روز بھی جاری ہے اور جنت نظیر وادی میں حالات بدستور کشیدہ ہیں جب کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید ایک کشمیری شہید ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی میں بھارتی مظالم کا سلسلہ 60 ویں روز بھی جاری ہے جب کہ وادی میں مسلسل کرفیو کے باعث عوام کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے، ریاست میں روز مرہ ضروریات اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔

دوسری جانب بھارتی مظالم کے خلاف حریت رہنماؤں کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے جب کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے آج پھر ایک کشمیری شہید ہوگیا جس کے نتیجے میں شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد91 ہوگئی ہے اور 10 ہزار کے قریب زخمی ہوچکے ہیں۔

ادھر بھارتی وزیر داخلہ مقبوضہ کشمیر کی یاترا سے واپس آنے کے بعد آج بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات کر رہے ہیں جس میں بھارتی وزیراعظم اور دیگر اعلی حکام کو مقبوضہ کشمیر کے حالات پر بریفنگ دی جائے گی۔