اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم کی نااہلی سے متعلق تمام ریفرنس مسترد کر دیئے

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق تمام ریفرنس مسترد کردیئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیراعظم نواز شریف کی نا اہلی سے متعلق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، پاکستان تحریک انصاف اور سابق ایم این اے عمر فاروق کی جانب سے دائر تمام ریفرنس مسترد کر دیئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے عمران خان اور محمود خان اچکزئی کے خلاف بھی ریفرنس مسترد کر دیئے ہیں۔

دوسری جانب ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن فدا محمد کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے خلاف 4 ریفرنس دائر کئے گئے جس میں سے 2 تحریک انصاف، ایک شیخ رشید اور ایک سابق ممبر قومی اسمبلی سردارعمر فاروق کی جانب سے دائر کیا گیا۔ فدا محمد کے مطابق عمران خان کی نااہلی کے لیے بھی ایک ریفرنس موصول ہوا۔ اس کے علاوہ جہانگیر ترین اور محمود اچکزئی کے خلاف بھی ایک ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھیجے گئے تمام ریفرنسز الیکشن کمیشن کے سامنے رکھے جائیں گے، تمام ریفرنسز پر آئین کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔