لاہور:عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی احتساب مارچ

لاہور: پاکستان تحریک انصاف چیئرمین عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے خلاف احتساب مارچ اپنی منزل کی جانب گامزن ہے۔

عمران خان کی سربراہی میں لاہور کے علاقے شاہدرہ سے تحریک انصاف کا احتساب مارچ چیئرنگ کراس مال روڈ کی جانب گامزن ہے۔ تقریبا 9 کلو میٹر کے فاصلے کے لئے مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں عمران خان شرکاء سے مختصر خطاب کریں گے۔

ریلی روانہ ہونے سے قبل عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ ریلی کے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہیں، آج کی احتساب ریلی کرپشن کے خاتمے کے لئے فیصلہ کن ثابت ہوگی، یہ ریلی پاکستان کے مستقبل کے لئے ضروری ہے۔ لوٹ مار صرف پاکستان نہیں تیسری دنیا کا مسئلہ ہے، چھوٹے چوروں کی چوری سے ملک تباہ نہیں ہوتے۔ ملک وزیراعظم اوروزیروں کی چوری سے تباہ ہوتا ہے۔ ہرجمہوریت میں وزیراعظم جواب دہ ہوتا ہے۔ وزیراعظم خود کو احتساب سے بچانے کے لئے ملک کامستقبل تباہ کررہے ہیں، وزیراعظم کہہ رہےہیں کہ ہم اپنے قانون کےتحت احتساب کریں گے۔ نوازشریف کا یہ احتساب 200 سال میں بھی مکمل نہیں ہوگا، احتساب سے بچنے کے لیے پورے ملک کا مستقبل تباہ کیا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن ارکان کب تک ن لیگ کی بی ٹیم بنے رہیں گے، الیکشن کمیشن اپنی ذمے داری پوری کرے.