بھارتی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف 15 کروڑ مزدور سڑکوں پر آگئے

ممبئی: بھارت کی 10 مختلف ٹریڈ یونینز کے 15 کروڑ مزدور اور سرکاری ملازمین ہڑتال پرہونے کے باعث ملک کی بندرگاہیں اور بینکنگ سمیت دیگر شعبے شدید متاثر ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مساوی حقوق کی دعویدار مودی حکومت کی نامناسب پالیسیوں کی مخالفت میں 15 کروڑ مزدورسڑکوں پر آگئے ہیں ۔ سینٹر فارٹریڈ یونین کے جنرل سیکرٹری نے برطانوی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہڑتال کے لئے ملک کی 10 مختلف ٹریڈ یونینز نے کال دی جس میں سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں اورلگ بھگ 15 کروڑ مزدور پورے ملک میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مظاہرین نے حکومت کے سامنے 12 نکاتی مطالبات رکھے ہیں جو طویل عرصے سے پورے نہیں ہوئے اور مودی سرکار نے ان مطالبات کی مخالفت کرتے ہوئے ہڑتال کو روکنے کی بھی کوشش لیکن اب احتجاجی مظاہرین مطالبات پورے نہ ہونے پر بغاوت پر بھی اترسکتے ہیں۔