کراچی میں مکا چوک کا نام ’’شہید لیاقت علی خان چوک‘‘ رکھ دیا

کراچی: ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے قریب واقع مکاچوک کا نام شہید لیاقت علی خان چوک رکھنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے عزیز آباد میں ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو اور جناح گراؤنڈ کے بعد سب سے زیادہ مشہور مکا چوک اب اپنی شناخت تبدیل کرچکا ہے۔ ایم کیو ایم کے قیام کے بعد سے اب تک کی تاریخ مکا چوک کے ذکرکے بغیر مکمل نہیں ہوتی لیکن جہاں گزشتہ ہفتے سے متحدہ قومی موومنٹ کے غیر قانونی دفاتر کے خلاف کریک ڈاؤن کے ساتھ متعدد رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑ نے کا سلسلہ جاری ہے تو وہیں کراچی اور دیگر شہروں سے ایم کیو ایم کے بانی کی تصاویر کو بھی اتارنے کا سلسلہ جاری ہے اور ساتھ ہی مشہور زمانہ مکا چوک نے بھی تاریخی موڑ لے لیا ہے۔