مقبوضہ کشمیرمیں دوبارہ کرفیو نافذ

سری نگر: چند گھنٹے کی نرمی کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ایک بار پھر کرفیو نافذ کردیا گیا جب کہ بھارتی فوج کی جانب سے آزادی کے حق میں مظاہرہ کرنے والوں پر فائرنگ سے متعدد کشمیری زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی حکام کی جانب سے 52 روز کرفیو میں نرمی کی گئی ہے تاہم پلوامہ اور سری نگر میں کرفیو بدستور برقرار رکھا گیا۔ کرفیو میں نرمی ہوتے ہی بڑی تعداد میں آزادی کے متوالے سڑکوں پر آ گئے اور بھارت کے خلاف نعرے بازی شروع کردی، بھارتی فورسز نے ایک بار پھر کشمیریوں پر فائرنگ اور آنسو گیس شیل کا بے دریغ استعمال کیا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ چند گھنٹوں بعد ہی بھارت نے مقبوضہ وادی میں ایک بار پھر کرفیو نافذ کردیا۔

دوسری جانب حریت رہنماؤں نے بھارتی مظالم کے خلاف یکم ستمبر تک ہڑتال کی کال دے رکھی ہے جس کے باعث تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجاً کاروباری سرگرمیوں کا بائیکاٹ کر رکھا ہے اور بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔