کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش

کراچی: شہر قائد میں گزشتہ روز سے جاری گرمی کے بعد مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش نے موسم کو خوشگوار کردیا ہے۔

شہرقائد میں ہفتے کی صبح سے ہی شدید گرمی تھی اوردوپہر12 بجے تک درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا تاہم آناً فاناً ہی گہرے سیاہ بادلوں نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اورملیر، گڈاپ، لانڈھی، کورنگی، سہراب گوٹھ، ناظم آباد اور گلشن اقبال سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع ہوگئی۔ اب تک سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی ہے جہاں صرف ایک گھنٹے میں 43 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے۔

تیز ہواؤں کے باعث سہراب گوٹھ میں لگنے والی ایشیا کی سب سے بڑی روایتی مویشی منڈی میں نصب ٹینٹ اکھڑ گئے ہیں جب کہ 250 سے زائد فیڈرٹرپ ہوجانے سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے بھی محروم ہوگیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک نے اپنے بیان میں عوام سے اپیل کی ہے کہ بارش کے موسم میں شہری احتیاط برتیں، ٹوٹے تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں۔
دوسری جانب واٹربورڈ میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے نکاسی آب کےلیےعملہ طلب کرلیا گیا۔ ایم ڈی کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ مصباح الدین فرید نے ہدایت کی ہے کہ سیوریج پمپنگ اسٹیشنوں کوہرصورت فعال رکھاجائے، بجلی معطلی کی صورت میں جنریٹر پمپس چلائے جائیں جب کہ شہری بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے مین ہول نہ کھولیں۔