مہاجروں کوفاروق ستار بےوقوف بنارہے ہیں،مصطفیٰ کمال

کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ الطاف حسین اور فاروق ستار ایک ہی ہیں مہاجر قوم کو پہلے ایم کیوایم کے قائد نے بے وقوف بنایا اب فاروق ستار بنارہے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ قائد ایم کیو ایم مہاجر قوم کے خود ساختہ قائد ہیں، انہوں نےاسی حیثیت سے تقریر کی،انہوں نے 30 سال میں اس قوم کوزخمی کردیا ہے،متحدہ قائد کی وجہ سے قوم کی بیٹیاں عدالت میں خوار ہورہی ہیں، جومائیں اور بیٹیاں سبزی لینے نہیں نکلتی تھیں، آج عدالت میں پیش ہورہی ہیں، مہاجر قوم ایم کیو ایم کے قائد کو اپنا رہنما نہیں سمجھتی،یہ قوم بہت مایوس ہے انہیں گلے لگانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں کسی کا دفتر گرنے پر کوئی خوشی نہیں، دیواریں اور تصویریں گرانے سے پھر ان کے لئے ہمدردیاں پیدا ہوں گی، کیا دفاتر کی دیواروں نے پاکستان کے خلاف نعرے لگائے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیوایم کے لوگ آج بھی الطاف حسین کوخوش کررہے ہیں، ایم کیو ایم ابھی سے نہیں ابتدا سے ہی پاکستان کی ہی تنظیم ہے، ایم کیوایم پاکستان کہہ کرلوگوں کےدماغوں کو منتشر نہ کیا جائے، ایم کیوایم قائدکوپارٹی سےالگ کرنےکی باتیں کی جارہی ہیں لیکن ایم کیوایم کے قائد ایم کیو ایم پاکستان سے الگ نہیں ہیں، کیا ایم کیو ایم قائد کو بانی بنانے سے مسئلہ حل ہوجائے گا۔ فاروق ستار سےگزارش ہے کہ وہ مہاجر قوم کو سچ بتائیں، فاروق ستار اللہ کو حاضر ناظر جان کر بتائیں کہ کیا وہ ’’را‘‘ سے متعلق دستاویزات سے متعلق نہیں جانتے،فاروق ستار لہولہان مہاجر قوم کو مزید زخمی کرنا چاہتے ہیں، 30سال تک پہلے قائد ایم کیوایم نے اس قوم کو بیوقوف بنایا اور اب وہ بنارہے ہیں۔ اس کے ساتھ وہ اپنی زندگی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔