پاکستان مخالف نعروں اور تقریر سے سخت صدمہ پہنچا ،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے الطاف حسین کے اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مخالف نعروں اور تقریر سے پوری قوم کو سخت صدمہ پہنچا ہے۔اپنے ایک مذمتی بیان میں سینئر رہنما اور وائس چےئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کراچی میں گزشتہ روز الطاف حسین کی اشتعال انگیر تقریر کی مذمت کی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ پاکستان کے بارے میں کی گئی غیر ذمہ دارانہ گفتگو سے ہر پاکستانی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ کسی بھی فرد یا جماعت کو پاکستان مخالف ایجنڈے کی ترویج کی اجازت نہیں ہونا چاہیے،وطن عزیز کی ساکھ اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ برطانوی حکام کو اپنے شہری کو میڈیا کے خلاف اشتعال انگیزی پھیلانے اور پاکستان مخالف جذبات ابھارنے سے روکنا چاہئے۔