سندھ کابینہ نے مدارس کی رجسٹریشن کے بل کی منظوری دیدی

کراچی:سندھ کابینہ نے مدارس کی رجسٹریشن کے بل کا مسودہ منظور کر لیا ، پندرہ دن کے اندر مشیر قانون مرتضی وہاب کی سربراہی میں کمیٹی رجسٹریشن کے لیے قانون کو اسمبلی میں پیش کرے گا ۔ سندھ کابینہ نے سندھ آرمز ایکٹ کی بھی منظوری دے دی ۔

سندھ کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیرصدارت ہوا ۔ اجلاس میں صوبائی وزرا اور مشیروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن کے بل کا مسودہ منظور کر لیا گیا ۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی ہوا کہ پندرہ دن کے اندر مشیرقانون مرتضی وہاب کی سربراہی میں کمیٹی رجسٹریشن کے لیے قانون کو اسمبلی میں پیش کرے گی ۔

مشیر قانون مرتضی وہاب کے ساتھ ڈاکٹر قیوم اور مدارس کے اہم علماء بھی ہوں گے ۔ اجلاس میں سندھ ٹرانسپرنسی اور اطلاعات تک رسائی کا ایکٹ بھی منظور کیا گیا جبکہ سوشل ویلفیئر ترمیمی آرڈیننس کی بھی منظوری دی گئی ۔

ترمیمی آرڈیننس کے تحت این جی اوز اور فلاحی اداروں کی کارکردگی اور انکے اکاونٹس کا آڈٹ کیا جا سکے گا ۔ سندھ کابینہ نے سندھ آرمز ایکٹ کی بھی منظوری دی ۔