مستونگ میں کومبنگ آپریشن، 27 مشتبہ افراد گرفتار

مستونگ: سیکیورٹی فورسز نے مستونگ میں کومبنگ آپریشن کے دوران 9 غیر ملکیوں سمیت 27 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا جن کے سانحہ کوئٹہ میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ترجمان ایف سی کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کانک میں سیکیورٹی فورسز نے کومبنگ آپریشن کرتے ہوئے 9 غیرملکیوں سمیت 27 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ و بارود بھی برآمد کرلیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے ہے جب کہ ان میں 9 افغان باشندے بھی شامل ہیں۔

ترجمان ایف سی کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کا سانحہ کوئٹہ میں ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے جب کہ ملزمان سے جو اسلحہ برآمد کیا گیا ہے اس میں بڑی تعداد میں راکٹ، دستی بم، خود کار ہتھیار اور بارودی مواد شامل ہے۔