بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کیخلاف احتجاج

کوئٹہ: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بلوچستان سے متعلق بیان کے خلاف کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں شہریوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا جارہا ہے۔

بلوچستان کے شہری بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ کوئٹہ سمیت ڈیرہ بگٹی، نوشکی، چاغی، چمن ، خضدار اور دیگر شہروں میں عوام کی جانب سے ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ آل پارٹیز کے زیر اہتمام دالبندین میں ریلی نکالی گئی جب کہ شرکا ریلی نے نریندر مودی کے پتلے اور بھارتی پرچم نذر آتش کئے اور شرکا نے پاک فوج کے حق میں نعرے بھی بلند کئے۔

اسی طرح بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں بھی شہریوں کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کے بیان کی شدید مذمت کی گئی اور انہوں نے بھارتی وزیراعظم کے بیان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کے پتلے اوربھارتی پرچم نذر آتش کئے۔ چمن میں بھی شہریوں کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کے بلوچستان سے متعلق بیان پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔