کراچی آپریشن اسی شدت کے ساتھ جاری رہے گا، ڈی جی رینجرز سندھ

کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کا کہنا ہےکہ اختیارات ملنے سے کراچی کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے لہٰذا شہر میں جاری آپریشن اسی شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔

کراچی میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کہا کہ کراچی میں 2008 سے 2013 کے دوران روزانہ 10 افراد قتل ہوتے تھے لیکن شہر میں آپریشن کے بعد سے یومیہ قتل و غارت کے واقعات اب اوسطاً 2 رہ گئے ہیں، 3 سال میں آپریشن کے دوران 6 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جن میں سے 1200 کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے جب کہ مختلف جماعتوں کے عسکری ونگ کے 855 ٹارگٹ کلرز کو بھی گرفتار کیا گیا۔