عمران خان کا الیکشن کمیشن اور نیب دفاتر کے سامنے احتجاج کا اعلان

راولپنڈی: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے انصاف کے لیے تمام دروازے بند کردیئے ہیں اورحکومت اپوزیشن کونہ صرف دھمکیاں دے رہی ہے بلکہ خریدنے کی کوشش بھی کررہی ہے۔

راولپنڈی جلسے میں شرکت سے قبل بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومتی اداروں نے اپنا کام صحیح طرح سے نہیں کیا جب کہ پاناما پرجواب دینے کے بجائے حکومت اپوزیشن کونہ صرف دھمکیاں دے رہی ہے بلکہ خریدنے کی کوشش بھی کررہی ہے جس پر سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انصاف کے تمام دروازے بند کردیئے اور منہ بند کرنے کے لیے بلیک میل کرنا شروع کردیا ہے لیکن ہم نے تحریک احتساب کا آغاز پشاور سے کردیا ہے اور اگلے لائحہ عمل آج کروں گا کہ لاہور کب جانا ہے۔

عمران خان نے کہا جارہا ہے کہ میں سب کچھ اقتدار کے لیے کررہا ہوں لیکن ہم صرف انصاف مانگ رہے ہیں اور جب تک ادارے انصاف نہیں دیں گے تو پر امن احتجاج ہوگا، پرامن احتجاج جمہوریت کا حسن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنی زیادہ کرپشن ہوگی اتنی ہی جمہوریت کمزور ہوگی، میری جدوجہد کرپٹ اسٹیٹس کو کے خلاف ہے۔