بھارت نے پاکستان کے خلاف غیر رسمی جنگ کا آغاز کردیا ہے، کمانڈر سدرن کمانڈ

کوئٹہ: کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا ہے کہ بلوچستان سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری پاکستان کے خلاف غیر رسمی اعلان جنگ ہے۔

کوئٹہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ بہت بڑا نقصان ہے اور اس پر مجھ سمیت پوری قوم کو دکھ اورافسوس ہے تاہم دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی اور پاکستان کے خلاف اندراورباہر دونوں اطراف سے سازشیں ہو رہی ہیں اس لئے اپنے اختلافات بھلا کر یکجا ہونا ہو گا۔

کمانڈر سدرن کمانڈ کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف غیر رسمی جنگ کا آغاز کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں قیام امن کے لئے مجھے آپ کی اور آپ کو میری طاقت بننا ہے۔