بلاول اور ایان کے ٹکٹ ایک ہی اکاؤنٹ سے خریدے جاتے ہیں، چوہدری نثار

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اورایان علی کے ٹکٹ کے پیسے ایک ہی اکاؤنٹ سے جاتے ہیں جب کہ ایف آئی اے اس معاملے کی تحقیقات کررہا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثارعلی خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف تحقیقات میں کوئی سنجیدہ نہیں، یہ صرف مخالفین کے خلاف استعمال کیا جانے والا ہتھیار ہے، وزیراعظم کا پاناما لیکس میں نام بھی نہیں لیکن انہوں نے اپنے آپ کو تحقیقات کے لئے پیش کردیا ہے، عمران خان کرپشن کے خلاف نکلے ہیں اور وہ بلاول کو کنٹینر پر چڑھانے سے پہلے ان سے پوچھ لیں کہ سرے محل اور سوئس بینکوں میں رکھا پیسہ کہاں سے آیا، کیا سرے محل کسی پری اور دیو کا ہے اور کبھی نہیں کہا میٹر ریڈر یہاں تک کیسے پہنچا۔ اپوزیشن لیڈر حکومت کے خلاف ہوتا ہے لیکن موجودہ اپوزیشن لیڈر میرے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے کہا گیا کہ ایان علی اور ڈاکٹرعاصم کے کیسز واپس لیں توآپ کی اور پیپلز پارٹی کی صلح ہو سکتی ہے،ایان علی 5 کروڑ لے جاتے ہوئے پکڑی گئیں تو کچھ لوگ دفاع میں نکل آئے اور لوگوں کی کھال اتارنے والے ایان علی کی مفت میں پیروی کررہے ہیں، جواب دیا جائے کہ ایان علی کا آصف زرداری سے کیا تعلق ہے۔

چوہدری نثارعلی نے کہا کہ بلاول بھٹوا ورایان علی کے ٹکٹ کے پیسے ایک ہی اکاؤنٹ سے جاتے ہیں جب کہ ایف آئی اے اس معاملے کی تحقیقات کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرطرح کے تعاون کے لئے تیار ہوں لیکن کرپشن کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہم ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی نہ کریں، بیٹھ کرمعاملات حل کریں جس کے لئے 3 آپشنز ہیں اور الزامات لگانے کے بجائے کمیشن بنادیا جائے جس کے لئے میڈیا، جوڈیشل کمیشن اور تیسرا سپریم کورٹ کا فورم ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ سارک کانفرنس میں روایت سے ہٹ کربھارتی وزیرداخلہ کوپریزنٹیشن کی اجازت دی اور وہ میری تقریر کے بعد جواب دے سکتے تھے لیکن انہوں نے جواب دینے کے بجائے راجیا سبھا میں بات کی اور کہا کہ پاکستان سبق سیکھنے کو تیار نہیں، کاش جو بات انہوں نے راجیا سبھا میں کہی وہ یہاں کہتے تومیں انھیں جواب دیتا، سارک کانفرنس میں بولنے پر کچھ لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا، میرےموقف پرسب کےبیان آئے مگرایک پارٹی کوسانپ سونگھ گیا، کشمیریوں کوگمراہ کرنیوالی پارٹی کےمنہ سےتعریف کاایک حرف نہیں نکلا، اسی سیاسی جماعت نے مودی کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے کے نعرے لگائے۔