دہشت گردوں کے نظریئے کو ہر صورت شکست دیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کوئٹہ دھماکے کے بعد پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور دہشت گردوں کے نظریئے کو ہر صورت شکست دیں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کوئٹہ دھماکے نے پوری قوم کو سوگوار کردیا، ہمیں اپنے پیاروں کی شہادت کا دکھ ہے، یہ وہی نظریہ ہے جو ہمارے طرز زندگی اور عوام کا دشمن ہے،ہمیں ہر صورت اس نظریئے کو شکست دینا ہے۔ ہم پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور دہشت گردی کا قلع قمع کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا واقعہ منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا، یہ وہی ذہن ہے جو پاکستان میں امن وامان بہتر ہوتا نہیں دیکھ سکتا، ہمارا اتحاد شیطانی قوتوں کو منہ توڑ جواب دے سکتا ہے، پاکستان کو محفوظ سرزمین بنانا ہمارا ہی نہیں قوم کا مشن ہے، دشمنوں کے مضبوط عزائم کو خاک میں ملا کر رہیں گے، ان حالات میں ہم خاموش نہیں رہ سکتے ہیں اور دہشت گردی کامقابلہ کرنے کے لیے ہمارا متحد ہونا ضروری ہے۔

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ گمراہ عناصر منفی سوچ کے ساتھ ہمارے دشمن ہوگئے ہیں اور ان کے نظریئے نے بے نظیر بھٹو کو شہید کیا جب کہ یہ وہی نظریہ ہے جس نے آرمی پبلک اسکول کو نشانہ بنایا، جس نے صفورا گوٹھ میں اسماعیلی اور کوئٹہ میں ہزارہ برادری کو نشانہ بنایا۔