رینجرز اختیارات میں توسیع؛ وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کی سمری مسترد کردی

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کی جانب سے ارسال کی گئی رینجرز اختیارات میں توسیع کی سمری مسترد کردی ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز اختیارات میں 90 روز کی توسیع کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا تاہم وفاقی وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کی یہ سمری مسترد کردی۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کے قانونی ماہرین نے سمری کا جائزہ لینے کے بعد سمری ابتدائی طور پر مسترد کردی۔وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی سمری قانونی معیار پر پورا نہیں اترتی اس میں قانونی اورآئینی پیچیدگیاں ہیں اور یہ سمری آئین کے آرٹیکل 147 کے مطابق نہیں ہے

رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے مشیر قانون سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ خصوصی اختیارات کا قانون 14جون کو ختم ہوچکا ہے جب کہ رینجرز کو اختیارات صرف کراچی کے لیے دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی کا کہنا تھا وزیراعلیٰ سندھ اسمبلی اختیارات کے مطابق فیصلے کررہے ہیں اور رینجرز کو سندھ اسمبلی کے فیصلے کی روح کے مطابق اختیارات دیے جب کہ جہاں ضروری ہو رینجرز کی تعیناتی سندھ حکومت کا اختیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز تعیناتی کا اختیار چوہدری نثار کے پاس نہیں لہذا وہ وائسرائے بننے کی کوشش نہ کریں جب کہ چوہدری نثار دہشت گردی کے خلاف جنگ پر اتفاق رائے سبوتاژ کرناچاہتے ہیں۔