شوال کا چاند نظر آ گیا، ملک بھر میں کل ایک ساتھ عیدالفطر ہوگی

لاہور:چیئرمین مفتی منیب الرحمان کے زیر صدارت لاہور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ماہرین فلکیات، محکمہ موسمیات کے افسران اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جس سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگاہ کیا گیا۔ شہادتوں کی تصدیق کے بعد مفتی منیب الرحمان کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ کل ملک بھر میں عیدالفطر منائی جائے گی۔

دوسری جانب سعودی عرب، ملائیشیا، انڈونیشیا، سنگاپور، مقبوضہ کشمیر، بعض یورپی ممالک اور دیگر خلیجی ممالک میں بھی عیدالفطر کل ہوگی۔ جبکہ ترکی اور روس میں آج عید منائی گئی۔ ترکی کی تمام بڑی مساجد میں عید کے اجتماعات ہوئے۔ ماسکو میں سیکڑوں مسلمانوں نے عید کی نماز ادا کی۔ مسلمان عید کی نماز کے بعد ایک دوسرے سے گلے مل کر مبارکباد دیتے رہے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے مسلمانوں کو عید کی مبارک باد دی۔ جرمنی کے شہر برلن سمیت بعض یورپی شہروں میں بھی عید الفطر منائی گئی۔ ادھر بھارت اور بنگلا دیش میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، اس لئے وہاں جمعرات کے روز عیدالفطر منائی جائے گی۔