عید سے پہلے پنشنرز رل گئے، بنکوں کے باہر طویل قطاریں

لاہور: گرمی اور حبس میں پنشن کا انتظار اور اوپر سے لمبی قطار۔ بزرگ شہری آج بھی بنکوں اور پوسٹ آفسز کے سامنے خوار ہوتے رہے۔ لاہور میں نیشنل اور اسٹیٹ بنک کے کلیئرنگ معاملات کے باعث ادائیگیوں میں تاخیر ہوئی تو ریلوے ملازمین اور پنشنرز سڑکوں پر آ گئے۔ مغل پورہ میں سڑک بھی بلاک کر دی۔

کراچی میں بھی نیشنل بنک برانچز کے باہر پنشنرز کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ اپنا حق لینے آئے بزرگ شہری نامناسب اقدامات پر حکام کو کوستے رہے۔ ادھر ملتان میں تو جنرل پوسٹ آفس کے اہلکار پنشنرز سے بھی عیدی بٹورنے لگے جس پنشن بک میں مٹھائی کی رقم نہیں ہوتی اس پر توجہ ہی نہیں دی جاتی۔ الگ کاؤنٹر نہ ہونے کے سبب پنشنرز خواتین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔