کوئٹہ میں موسلادھاربارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شدید بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا جب کہ بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکیں نہر کا منظر پیش کرنے لگیں۔

بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش اور کئی علاقوں میں ژالہ باری ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ موسلا دھار بارش کے بعد شہرکی سڑکیں نہر کا منظر پیش کرنے لگیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ سول اسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال میں بارش کا پانی وارڈز میں داخل ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شدید بارش کے دوران دیواریں اور چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ شدید بارش کے باعث شہر کے تقریباً 15 فیڈر ٹرپ کرگئے۔ صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے بارش کے بعد شہر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے مختلف سڑکوں کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو نقصانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔